پنجاب اسمبلی نے کرایہ داروں کے کوائف تھانے میں جمع کرانے کی پابندی کے قانون کی منظوری دے دی

بدھ 4 مارچ 2015 15:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) پنجاب اسمبلی نے کرایہ داروں کے کوائف تھانے میں جمع کرانے کی پابندی کے قانون کی منظوری دیدی ہے، یہ مسودہ قانون اپوزیشن کے واک آؤٹ کے دوران ان کی ترامیم مسترد کرتے ہوئے منظور کیا گیا ہے، اس قانون کے تحت مکان ودکان اور ہاسٹل مالکان کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ عارضی طور پر رہائش رکھنے (کرایہ دار) والوں کے بارے میں تمام کوائف 15 روز کے اندر متعلقہ تھانے میں معاہدے سمیت جمع کرانے کے پابند ہوں گے جبکہ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال تک قید اور 2لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکے گی، اس قانون پر بحث کے دوران اپوزیشن کی طرف سے پیش کی جانے والی ترامیم تکنیکی طور پر روک دی گئیں، جن پر اپوزیشن نے اعتراض کیا تو اپوزیشن نے عذر پیش کیا کہ انہیں یہ ترامیم پیش کرنے کیلئے وقت ہی نہیں دیا گیا مگر ان کا عذر قبول نہ کیا گیا جس پر اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کر گئی، اس واک آؤٹ کے دوران بل منظور کرلیا گیا۔