ساتھی کھلاڑیوں کا ناصر جمشید کو فارم واپس لانے کیلئے دلچسپ مشورہ

بدھ 4 مارچ 2015 15:18

ساتھی کھلاڑیوں کا ناصر جمشید کو فارم واپس لانے کیلئے دلچسپ مشورہ
نیپیئر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 4مارچ ۔2015ء )قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ناصر جمشید ان دنوں شدید دباؤ کا شکار ہیں اور وہ بیٹنگ میں مسلسل ناکامی کے بعد اب آسان کیچز بھی ڈراپ کر رہے ہیں ۔ ناصر جمشید کو آل راؤنڈر محمد حفیظ کے زخمی ہونے کے سبب ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ اپنا انتخاب اب تک درست ثابت نہ کر سکے۔ ناصر کی سلیکشن پر ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز میں ڈیڈلاک بھی رہا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ساتھی کھلاڑیو ں نے ناصر جمشید کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کالے بکروں کا صدقہ دیں تاکہ انکی کارکردگی میں بہتری آسکے ۔ واضح رہے کہ ناصر جمشید بیٹنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی مکمل طور پر ناکام نظر آئے ہیں۔ اب تین میچوں میں ناصر جمشید صرف پانچ رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ اوپنر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صفر، زمبابوے کے خلاف ایک اور متحدہ عرب امارات کے خلاف چار رنز بنائے۔ صرف یہی نہیں بلکہ وہ فیلڈنگ میں بھی مسلسل کیچز ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ مس فیلڈنگ بھی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو کھلانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔