بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ ازخود تاریخ کا تعین کرے ‘ میاں کامران سیف

بدھ 4 مارچ 2015 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ از خود تاریخ کا تعین کرکے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا پابند بنوائے کیونکہ نچلی سطح پر عوامی نمائندے نہ ہونے سے عوام مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کروانے کے لیے سنجیدہ نہیں کبھی حلقہ بندیوں ،کبھی مردم شماری کی آڑ میں ہار کے ڈر سے مسلسل راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہے۔میاں کامران سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود پنجاب میں بلدیاتی الیکشن منعقد نہ کروانا توہین عدالت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر ناکامی کاشکار ہے،بدترین لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور بحرانوں نے حکومت کی مقبولیت کا پردہ چاک کردیا ہے ۔ن لیگ کا ہر دعوہ جھوٹ پر مبنی ہے عوام سے جھوٹے وعدے کیے جارہے ہیں جو نہ پہلے ایفا ہوئے نہ ا ب پورے ہونگے۔عوام موجودہ حکومت سے نجات چاہتے ہیں اسی لیے حکومت بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہے اور سپریم کورٹ سے میں نہ مانوں کا کھیل کھیل رہی ہے۔