جماعت اسلامی لاہور حلقہ خواتین کا عالمی یوم خواتین کے موقع پر کنونشن سنگ میل ثابت ہوگا،اسلام نے عورت کو وراثت میں حق دے کر معاشی طورپر مضبوط کیا‘امیرجماعت اسلامی لاہورمیاں مقصوداحمدکا بیان

بدھ 4 مارچ 2015 17:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلام کا انقلابی پیغام معاشرے کے تمام کمزور طبقات کو حقوق کا تحفظ فراہم کرتاہے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کا ان کی حیثیت کے مطابق عزت ومقام نہیں دیاجاتا۔ عورت کے قصیدے پڑھنا بہت آسان لیکن اس کے جذبات کو محسوس کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8مارچ کو عظیم الشان خدیجة الکبریٰ کانفرنس خواتین کے حقوق کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ عورتوں کو اپنی معاشی ترقی کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کرنا ہوگا۔ دین اسلام نے عورت کو وراثت میں حق دے کر معاشی طور پر مضبوط کیا۔

(جاری ہے)

گھر اور بچوں کی ذمہ داری دے کر بااختیار بنایا ہے۔ اختیارات کا استعمال عورت کو خود مختار بناتا ہے کہ وہ مشکل حالات سے نمٹ سکتی ہے جبکہ ضرورت کے تحت اپنے اختیارات کا صحیح استعمال کرکے باہر بھی نکل سکتی ہے۔

لیکن عورت کی مرد کے شانہ بشانہ کام کرنے کی خواہش نے اسے گھر اور بچوں سے دور کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے میں مرکزی اہمیت کی حامل ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی عزت اور مساوات کی بنیاد پر حق تلفی کی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرد اور عورت کی تمیز معاشرے میں توازن کوقائم رکھنے کے لیے ہے۔ اللہ نے مرد اور عورت کے درمیان فرق تو رکھا ہے لیکن تفریق نہیں رکھی ۔عورت کے بااختیار ہونے کاہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ مادر پدر آزاد ہوجائے بلکہ اسے اپنے اختیارات کا استعمال ،اپنا مقام سمجھتے ہوئے حدود وقیود میں رہ کر کرنا چاہیے۔