سرمایہ دارحکمران مزدوروں کااستحصال کرنے سے بازرہیں، ہمارے مزدور،محنت کش اورکسان چکی کے دوپاٹوں کے درمیان پس رہے ہیں،حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کرے

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما ء محمد اشرف بھٹی کا بیان

بدھ 4 مارچ 2015 17:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء )پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما ء محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سرمایہ دارحکمران مزدوروں اورکسانوں کااستحصال کرنے سے بازرہیں،ان بیچاروں کوزندہ درگورنہ کیا جائے۔مہنگائی سے بڑے بڑے سرمایہ دار اورصنعتکارفائدہ اٹھاتے ہیں جبکہ عام آدمی بے موت ماراجاتا ہے۔ غیورمزدور،محنت کش اورکسان اپنی قوت برداشت سے زیادہ مہنگائی کابوجھ اٹھاسکتے ہیں اورنہ حکومت کی زیادتی برداشت کر نا ان کے بس میں ہے ۔

ان بیچاروں کو ریلیف کے نام پرہربار دھوکادیا گیا ۔حکومت مہنگائی کے سدباب کیلئے عام دکانداروں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بجائے بڑے بڑے ٹریڈرز پرہاتھ ڈالے جواجناس کی قیمت مقررکرتے ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے دباؤکی بدولت حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھانے کارسک نہیں لیا ،حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کرے ۔

(جاری ہے)

بدھ کو اپنے ایک بیان میں محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کایوٹیلیٹی سٹورزکوچینی پرسبسڈی نہ دینا غریب پرخودکش حملے کے مترادف ہے ۔

افسوس پاکستان کی حکمران اشرافیہ کوناداراورمفلس طبقات کی مشکلات کااحساس تک نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام پران کی قوت برداشت سے زیادہ بوجھ ڈالناانتہائی ظلم اورزیادتی کے زمرے میں آتا ہے۔حکومت کی طرف سے عوام کیلئے ریلیف پیکیج محض اعلانات تک محدودہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی سے ملک میں پسماندگی اورناخواندگی مزیدبڑھ گئی ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پرمجبورہوگئے جبکہ حکمران صرف وہ منصوبہ بناتے ہیں جہاں سے انہیں زیادہ سے زیادہ کمشن ملے ۔ لاہورمیں میٹروبس منصوبہ کی بدترین ناکامی کے باوجود راولپنڈی سے اسلام آباد تک میٹروبس شروع کرنے اوراب ملتان میں میٹروبس منصوبہ بنانے کااعلان عوام کے زخموں پرنمک چھڑکنے والی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدارمیں آکرعوامی فلاحی منصوبوں پرکام کرے گی جس سے عام آدمی کامعیار زندگی بلندہوگا ۔