Live Updates

عمران خان کی سیاست کا دوہرا معیار ہے ،خیبر پی کے میں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا اور پنجاب میں بائیکاٹ اسکا ثبوت ہے‘ حمزہ شہباز شریف

جمعرات 5 مارچ 2015 12:27

عمران خان کی سیاست کا دوہرا معیار ہے ،خیبر پی کے میں سینیٹ انتخابات ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست کا دوہرا معیار ہے ،خیبر پختوانخواہ میں تو سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں لیکن پنجاب میں بائیکاٹ کیا گیا،پی ٹی آئی کو ہمیشہ وقت گزرنے پر اپنی غلطیوں کا احساس ہوتا ہے ، کنٹینر پر کھڑے ہو کر گالیاں دینے والے ترامیم کے لئے منتیں کرتے رہے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ہارس ٹریڈنگ کی کوئی گنجائش نہیں او رہر طرف سے اسکی مذمت کی جارہی ہے اب سیاستدانوں کو نئی ریت ڈالنا ہو گی ۔ ہارس ٹریڈنگ والے بے نقاب ہوں گے اور قوم انہیں معاف نہیں کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کسی کا مینڈیٹ چوری نہیں کیا ،وزیر اعظم نواز شریف کی باتیں ریکارڈ پر ہیں جس میں انہوں نے کہا تھاکہ جسکو جہاں اکثریت ملے گی وہاں وہی حکومت بنائے گا اور مسلم لیگ (ن) اس قائم رہی اور انشا اللہ قائم رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے (ن) لیگ کے اراکین اسمبلی کو رابطے کر کے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ انہوں نے عمران خان کی طرف سے ہارس ٹریڈنگ پر خیبر پختوانخواہ اسمبلی توڑنے کے بیان کے سوال پر کہا کہ عمران خان کے بیانات بدلتے رہتے ہیں وہ ایک بات کرتے ہیں اور پھر اسے فراموش بھی کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ندیم افضل چن کو ان کا اعتماد مبارک ہو۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات