صحافت کے مقدس پیشے سے وابستہ ایاز سندھی نے ہمیشہ غریبوں کیلئے اپنے قلم کی طاقت کو استعما ل کیا، اللہ ورایو بہھن

جمعرات 5 مارچ 2015 13:30

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) صحافت کے مقدس پیشے سے وابستہ ایاز سندھی نے ہمیشہ غریبوں کیلئے اپنے قلم کی طاقت کو استعما ل کیا اور پوری زنگی جدوجہد میں گزاری، کبھی بھی وڈیروں، سرکاری افسران کی خوشنودی نہیں کی اور ہمیشہ حق وسچ کی بات کی۔ ان خیالات کا اظہار سندھ کے مشہور دانشور اللہ ورایو بہھن، ایم پی اے سعید خان نظامانی، ڈپٹی کمشنر سانگھر سکندر علی خشک، سردار قادر داد خان مری، اسلم میمن، محمد رضا خان، اختر قریشی، اشفاق بھٹی، وزیر ایاز نظامانی، عاجز منگی، امیر بخش بردی، پروفیسر صدیق انڑ ودیر نے پریس کلب سانگھڑ کے بانی غلام رسول عرف ایاز سندھی کی پہلی برسی کے موقع پر پریس کلب سانگھڑ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی ایاز سنھی کو ہم سے جدا ہوئے ایک سال ہوگیا ہے، انہوں نے ہمیشہ سانگھڑ وسندھ کی عوام اور ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والا ایاز سندھی نے غریبوں کے درد ومسائل کو سمجھتے ہوئے ہمیشہ ان کیلئے آواز بلند کی ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ مرحوم نے زندگی بھر اپنے قلم کی حرمت کی لاج رکھی اور حق وسچ کے ساتھ خود کو منوایا۔ ان کی جدوجہد کو تمام عمر یاد رکھا جائے گا۔ تقریب سے مرحوم ایاز سندھی کے فرزند وزیر ایاز نظامانی، شوکت ایاز ودیگر نے ان کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔