پنجاب اسمبلی ‘سینیٹ انتخابات کی پولنگ کے دوران راجہ ریاض کا (ن)لیگ پر دھاندلی کا الزام

جمعرات 5 مارچ 2015 16:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء ) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کی پولنگ کے دوران پیپلزپارٹی کے راجہ ریاض نے (ن)لیگ پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے بھر پور نعرے بازی اور احتجاج شروع کر دیا ‘(ن)لیگ کے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران ، راجہ ریاض کو خاموش کروانے کی کوششیں کرتے رہے جبکہ راجہ ریاض اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے احتجاج کے دوران اسمبلی سکیورٹی اہلکار تذبذب کا شکار نظر آئے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز جب پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ جاری تھی تو اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سابق اپوزیشن راجہ ریاض احمد ، شوکت بسرا، سید حسن مرتضیٰ اور دیگر رہنما بھی انتخابی پولنگ کیلئے مختص انتخابی کمرے کے باہر موجود رہے اور الزام لگایا کہ (ن) لیگ اپنے اراکین اسمبلی کو ووٹ دکھا کر کاسٹ کرنے کیلئے مجبور کر رہی ہے جو سب سے بڑی دھاندلی ہے جبکہ اس موقع پر راجہ ریاض نے ”دھاندلی نہ منظور “تخت لاہور کی نہیں چلے گی نہیں چلے گی “ کے نعرے بھی لگائے اور پھر صوبائی وزیر ملک ندیم کامران انہیں خاموش کروانے کی ناکام کوششیں کرتے رہے ۔