مذاکرات کا راستہ کھلا ہے، بھارت کا بغیر تحقیق پاکستان پر الزامات لگانا درست نہیں، دفتر خارجہ

جمعرات 5 مارچ 2015 19:02

مذاکرات کا راستہ کھلا ہے، بھارت کا بغیر تحقیق پاکستان پر الزامات لگانا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5مارچ۔2015ء) دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مذاکراتی عمل کی تاریخ طے نہ ہونا ناکامی نہیں ، سیکرٹریز خارجہ کے درمیان ملاقات ہونے سے مذاکرات کا راستہ کھلا ہے ، بھارت میں کسی بھی دہشتگردی کا الزام بغیرتحقیقات پاکستان پر لگا دینا درست نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کے درمیان ملاقات مثبت رہی ہے۔

مذاکراتی عمل کی تاریخ طے نہ ہونا ناکامی نہیں ہے ۔ دونوں کے درمیان ملاقات سے مذاکراتی عمل کا راستہ کھلا ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک دہشتگردی سے متاثر ہوئے ہیں ۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک پاکستان ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسی بھی دہشتگردی کا الزام بغیر تحقیقات پاکستان پر لگا دینا درست نہیں ۔

پاکستان افغانستان مفاہمتی عمل کے معاملے کی حمایت کرتا ہے ۔ دہشتگردی کے مسئلے پر کوئی ایک ملک اکیلا قابو نہیں پا سکتا، انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سیکیورٹی ایجنسیز اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں ۔ پشاور میں رہائشیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری تھا جب غلطی سے چند افغان سفارتکاروں کو روکا گیا تاہم افغان سفارتکاروں کے سٹیٹس کی تصدیق کے فوری بعد انہیں چھوڑ دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کو فرقہ وارانہ، نسلی اور لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر دیکھتا ہے۔