Live Updates

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کے انتخابات کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا،سینیٹ انتخابات ،جمہوریت کی گاڑی مزید موثر انداز میں آگے بڑھے گی،وزیراعظم اور ان کے وفد کا سعودی عرب میں شاندار استقبال سعودی فرمانروا اور سعودی حکومت کا پاکستانیوں سے بھر پورمحبت کا اظہار ہے،خادم الحرمین الشریفین نے پاکستان کے عوام سے باہمی محبت اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط کرنے کا پیغام دیا ہے،وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم ہے معاشی روابط مزیدبڑھیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 مارچ 2015 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف جمعرات کو سعودی عرب کے دورے سے وطن واپسی پراےئر پورٹ سے پنجاب اسمبلی گئے اور انہوں نے پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کے انتخابات کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعدوزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تمام صوبائی اسمبلیوں اورقومی اسمبلی میں سینیٹ کے امیدواروں کے انتخاب کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اوریہ جمہوری مرحلہ جمہوری اداروں کے مزیداستحکام اورمضبوطی کاباعث بنے گا۔

سینیٹ انتخابات کے بڑے جمہوری عمل سے پاکستان میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور جمہوریت کی گاڑی مزیدموثر انداز میں آگے بڑھے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے حالیہ دورے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے وفد کے ہمراہ سعودی فرمانروا خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب گئے اور ریاض پہنچنے پر سعودی فرمانروا اور ان کے رفقاء نے دل کی گہرائیوں سے وزیراعظم اور ان کے وفد کاپرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ریاض میں سعودی فرمانروا اور ان کے رفقاء کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے وفد کا شاندار استقبال اس بات کا غماز ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی حکومت اور ان کے عوام پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ باہمی محبت اور برادرانہ رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیغام دیا ہے کہ انہیں پاکستان اور پاکستان کے عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی بے حد عزیز ہے اور ہم اس مقصد کیلئے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے سعودی فرمانروا نے پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب کو پاکستان کے عوام کی ترقی دل سے عزیز ہے اور پاکستان کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس دورے سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور معاشی روابط مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات