فیڈرل بورڈ آف ریونیو آر ٹی او لاہور کی جانب سے ایس آر او 1125کے تحت ریفنڈ درخواستیں وصول نہ کرنے کے معاملے کا نوٹس لے‘ لاہور چیمبر آف کامرس

جمعرات 5 مارچ 2015 23:21

لاہور ) اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء ( لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ آر ٹی او لاہور کی جانب سے ایس آر او 1125کے تحت ریفنڈ درخواستیں وصول نہ کرنے کے معاملے کا نوٹس لیں کیونکہ اس سے کاروباری برادری کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ آر ٹی او لاہور 4اکتوبر2013ء سے ایس آر او 1125کے دائرہ کار میں آنے والے پانچ سیکٹرز سے ریفنڈز کی درخواستیں وصول نہیں کررہا حالانکہ ملک کے بقیہ آر ٹی اوز سیلز ٹیکس ریفنڈ رولز کے رول 33کے تحت یہ درخواستیں وصول کررہے ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس صورتحال کا نوٹس لیں کیونکہ اس معاملے کی وجہ سے کاروباری شعبے کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے بھاری ریفنڈز رک جانے سے ایکسپورٹرز اور مینوفیکچررز کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے اور اس کی وجہ سے بہت سے صنعتی یونٹس بند بھی ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ریفنڈز کا معاملہ جلد از جلد نمٹایا جائے کیونکہ بعض اوقات اس عمل میں مہینوں صرف ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ بجلی و گیس کے بحران سمیت دیگر مسائل نے پہلے ہی صنعتی شعبے کو پریشان کررکھا ہے ایسے میں آر ٹی او لاہور کی جانب سے ریفنڈز کلیم وصول نہ کرنے سے صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز جلد از جلد جاری کرنے کے احکامات کے باوجود پانچ سیکٹرز کی جانب سے ریفنڈز کی درخواستیں وصول نہ کرنا تشویشناک ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ خود اس صورتحال کا نوٹس لیں اور آر ٹی او لاہور کو ایس آر او 1125کے تحت پانچ سیکٹرز سے ریفنڈز کی درخواستیں وصول کرنے کے احکامات صادر کریں۔

متعلقہ عنوان :