سکھر،پلاٹ من پسند افراد کو دینے کے خلاف مستریوں کی بڑی تعداد کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 5 مارچ 2015 23:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء)سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے سابق و موجود عہدے داروں کی جانب سے مستریوں کے پلاٹ من پسند افراد کو دینے کے عمل کے خلاف مستریوں کی بڑی تعداد نے شاہین موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنماؤں ناصر کباڑی ، شاکر ، لطف شاہ ، یاسر و دیگر کی قیادت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور فلک شگاف نعرے بازی کی اس موقع پر مستریوں کا کہنا تھا کہ یونین عہدیداروں نے پلاٹ ممبران میں تقسیم کرنے کے بجائے عزیز اقارب میں بانٹ دئیے۔

(جاری ہے)

سکھر انتظامیہ نے گزشتہ دنوں مارکیٹ شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے ایکشن لیتے ہوئے شہر بھر میں موجود تمام موٹر ورکس کی دوکانیں سیل کردیں نئی کالونی میں پلاٹوں سے محروم بیشتر میکنیک‘ڈینٹر پینٹر اور کباڑی اپنی ہی یونین کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے جن کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی نئی کالونی میں پلاٹ فراہم کیے جائیں تاکہ اپنا کاروبار شروع کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں احتجاج کرنے والے موٹر ورکس سے وابستہ افراد نے سکھر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پلاٹوں کی خرد برد کرنے والے یونین عہدیداران کے خلاف شفاف انکوائری کراکر قانونی کارروائی کی جائے تاکہ اصل حق داروں کو ان کا حق مل سکے