سکاٹش ٹیم کیخلاف فتح پر خوش ہوئی ہے ،انگلینڈ کو بھی شکست دینے کیلئے پوری طاقت سے میدان میں اترینگے ‘ مشرفی مرتضیٰ

جمعہ 6 مارچ 2015 12:14

سکاٹش ٹیم کیخلاف فتح پر خوش ہوئی ہے ،انگلینڈ کو بھی شکست دینے کیلئے ..

نیلسن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء)بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی نے کہا ہے کہ سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم میں فائٹنگ سپرٹ دیکھ کر خوشی ہوئی، انگلینڈ کی ٹیم خطر ناک ہے تاہم شکست دینے کیلئے پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترینگے انہوں نے کہاکہ بلے بازوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، بلے بازوں کی فارم پلس پوائنٹ ہے اور اب انگلینڈ کو زیر کرنا ہدف ہے۔

انہوں نے کہاکہ انگلینڈ سخت حریف ہے، شکست دینے کیلئے صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی دوسری جانب سکاٹش ٹیم کے کپتان پریسٹنن مومسن نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف بڑا مجموعہ ترتیب دینے کے باوجود شکست پر بے حد مایوسی ہوئی، آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے عالمی مقابلوں میں ناکامی کی روایت بدلنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

سکاٹش ٹیم کو رواں ورلڈ کپ میں متواتر چوتھی جبکہ عالمی مقابلوں میں مجموعی طور پر بارہویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جمعرات کو بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سکاٹش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے چیزوں کو ٹھیک کرنے کی بہت کوشش کی، بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بڑا ٹوٹل قائم کیا تاہم باؤلرز توقعات کے مطابق پرفارم کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ متواتر ناکامیوں پر بے حد مایوسی ہوئی تاہم ابھی ہمارے پاس عالمی مقابلوں میں ناکامی کی روایت توڑنے کا موقع ہے، امید ہے کہ کھلاڑی آخری دو میچوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلانے میں کردار ادا کریں گے۔