محراب منبر کو معاشرتی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار اداکرنے کیلئے میدان میں آنا ہوگا‘ طاہر محمود اشرفی

جمعہ 6 مارچ 2015 14:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)کے صدر حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ محراب منبر کو معاشرتی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار اداکرنے کیلئے میدان میں آنا ہوگا،اسلام نے جو حقوق عورتوں کو دئیے ہیں وہ کوئی اور نہ دے سکا ،بچیوں کو وراثت نہ دینا اور تعلیم سے محروم رکھنا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد صدیق اکبر جوہر ٹاؤن میں ”اسلام میں خواتین کے حقوق “کے موضوع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رسم و رواج کو اسلام کا نام دینا جہالت کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔آج لاکھوں بچیاں غیر اخلاقی رسم و رواج کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی ہیں۔

(جاری ہے)

جہیز کی لعنت ہمارے معاشرے میں تباہی لارہی ہے۔

جہیز کی لعنت کے خاتمے کیلئے عوامی سطح پر تحریک چلانے کی ضرورت ہے اور پاکستان علماء کونسل اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار اداکرے گی۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رسول اکرم ﷺنے امہات الموٴمنین اور صحابیات  کو خود تعلیم حاصل کرنے کا حکم دیا ہے۔آج جولوگ بچیوں کو اسلام کا نام لیکر تعلیم سے روک رہے ہیں وہ اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔

حکومت بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھنے والوں کیخلاف قانون سازی کرے۔انہوں نے کہا کہ 6مارچ سے13مارچ تک ملک بھر میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے سیمینارز ،کانفرنسیں اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے اور 13مارچ کو جامع مسجد معاذ بن جبل  اسلام آباد میں خواتین کے حقوق پر کانفرنس منعقد کی جائے گی۔دریں اثناء پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ ) سے متصل 74ہزار تین سو سے زائد مساجد میں جہیز کی لعنت کیخلاف خطبات جمعہ میں قرار دادیں منظور کی گئیں اور عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کی شادی میں غیر اسلامی رسم و رواج سے گریز کریں اور شادی کے امور کو آسان بنائیں۔