پاکستان کی ترقی میں چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے ، تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں‘ شہباز شریف

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے چینی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ چین نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ،شہد سے میٹھی،فولاد سے زیادہ مضبوط اور سمندر سے زیادہ گہری ہے۔چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان اورچین کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اورچین کے مابین دوستی کے رشتے سود مند معاشی تعلقات میں ڈھل رہے ہیں اورمختلف شعبوں میں تعاون میں نئے دریچے کھل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سال2015ء کو پاک چائنہ اقتصادی تعاون کے آغاز کے طور پر منایا جا رہا ہے جس سے بلاشبہ پاکستان اورچین کی دوستی نئے دور میں داخل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے محنت اور جدوجہد کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں اورچین دنیا کی ایک بہت بڑی معاشی قوت بن چکاہے۔اقوام عالم کیلئے چین کی تیزرفتار ترقی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اوردونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں اورپاکستان اورچین کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے ۔پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے اور دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے قائداعظم سولر پارک میں پاکستان کا سب سے بڑا اور پہلا سومیگاواٹ کا سولر منصوبہ انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا ہے اور یہ سولر منصوبہ بہت جلد بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ صوبائی وزراء شیر علی خان، تنویر اسلم ملک، چین میں پاکستانی سفارتخانے کی کمرشل قونصلر ، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وفاقی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :