معاشروں میں خواتین کا بلند مقام جمہوری اور فلاحی معاشرے کے لیے رفعت کی نوید ہوتا ہے‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی کے بغیر کسی معاشرے کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، معاشروں میں خواتین کا بلند مقام جمہوری اور فلاحی معاشرے کے لیے رفعت کی نوید ہوتا ہے۔ ٹاؤن ہال میں خواتین کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کی صدارت وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کی۔

سیمینار سے اے سی جی عصمہ غضنفر کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا- سیمینار میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز نے خواتین کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی میں شراکت اور ترقی و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کی خاتون اپنے حقوق سے مکمل طور پر آگاہ ہوتی جا رہی ہے، یہ ہمارے معاشرے کا ایک بہترین رخ ہے مگر ہمیں ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ سیمینار سے اسسٹنٹ کمشنر جنرل عصمہ غضنفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کے جھنڈے گاڑکر ثابت کر دیا ہے کہ وہ معاشرے کا نہایت باصلاحیت حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، معاشیات، فوج، پولیس، سول انتظامیہ سمیت دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کا کردار روز روشن کی طرح نمایاں ہے۔