Live Updates

تحریک انصاف نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو بے نقاب کیا‘ ہمارے صوبائی ارکان اسمبلی نے کروڑوں کی آفرز ٹھکرا کر اپنے پارٹی امیدواروں کو ووٹ دیا‘ آزاد عدلیہ کے بعد اب آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کیلئے جنگ لڑیں گے‘ آزاد کشمیر اور جی بی کے فیصلے اسلام آباد میں ہوتے ہیں‘ ان خطوں میں الیکشن جیت کر نیا نظام لائیں گے‘ دونوں خطوں کے عوام اور حکومتوں کو بااختیار بنائیں گے‘ کشمیر اور جی بی کے فیصلے گلگت اور مظفرآباد میں ہوں گے ، کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دینگے ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسلام آباد میں تحریک انصاف گلگت بلتستان کے کنونشن سے خطاب

ہفتہ 7 مارچ 2015 20:54

تحریک انصاف نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو بے نقاب کیا‘ ہمارے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے سینٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو بے نقاب کیا‘ ہمارے صوبائی ارکان اسمبلی نے کروڑوں کی آفرز ٹھکرا کر اپنے پارٹی امیدواروں کو ووٹ دیا‘ آزاد عدلیہ کے بعد اب آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کیلئے جنگ لڑیں گے‘ آزاد کشمیر اور جی بی کے فیصلے اسلام آباد میں ہوتے ہیں‘ ان خطوں میں الیکشن جیت کر نیا نظام لائیں گے‘ دونوں خطوں کے عوام اور حکومتوں کو بااختیار بنائیں گے‘ کشمیر اور جی بی کے فیصلے گلگت اور مظفرآباد میں ہوں گے، کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دینگے ۔

وہ ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف گلگت بلتستان کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جون کی تاریخ دی ہے۔ بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ برسراقتدار آکر پتہ چلا کہ وفاق کس طرح صوبوں کے حقوق غصب کرتا ہے۔ کے پی کے کو گیس اور پانی کے وسائل میں اس کا حصہ فراہم نہیں کیا جارہا۔

وزیراعلی شریف آدمی ہیں اگر میں خود وزیراعلی ہوتا تو وفاق کو مشکل میں ڈال دیتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر برجیس طاہر کو دھاندلی کرانے کیلئے جی بی کا گورنر بنایا گیا ہے۔ نگران حکومت بھی غیر جانبدار نہیں ہے۔ جی بی کی نگران حکومت کیخلاف عوام کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ نواز شریف نے زندگی میں کبھی کوئی میچ نیوٹرل امپائر کھڑے کرکے نہیں کھیلا جبکہ میں نے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر متعارف کروائے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے آزاد عدلیہ کو بحال کرانے کیلئے جدوجہد کی اسی طرح اب آزاد و خودمختار الیکشن کمیشن کیلئے بھی جنگ لڑیں گے۔ حقیقی جمہوریت کی وجہ سے لوگوں کو حقوق نہیں ملتے اور آزاد و خودمختار الیکشن کمیشن کے بغیر حقیقی جمہوریت کا قیام مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات جیت کر ان خطوں کیلئے نیا نظام لائیں گے۔

دونوں خطوں کی حکومتوں اور عوام کو بااختیار بنائیں گے۔ کشمیر اور جی بی کے فیصلے مظفرآباد اور گلگت میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کیلئے جلد وہاں کا دورہ کریں گے۔ برسراقتدار آنے کے بعد جی بی کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں ہمارے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن تحریک انصاف کے ایم پی ایز مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ اپنی پارٹی اور قیادت کیساتھ وفادار رہے۔ ہمارے 80 فیصد ایم پی ایز نے زندگی میں ایک کروڑ روپیہ نہیں دیکھا ہوگا لیکن انہوں نے چار چار کروڑ کی آفرز ٹھکرائیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات