وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا رواں مالی سا ل کے بجٹ اقدامات پر اطمینان کا اظہار، آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں فریم ورک کی تیاری پر تفصیلی بریفنگ دی جائے جس سے آئندہ بجٹ کی تیاری میں مدد حاصل ہو گی ، ایف بی آر اب تک زیرالتواء ریفنڈ کیسز کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے ،اجلاس سے خطاب ، یکم اپریل 2015ء سے 325ایم ایم سی ایف ڈی، ایل این جی درآمد کی جائے گی ،وزیر خزانہ کو بریفنگ ،وزیر خزانہ کی ٹیکس ریفارمز کمیشن کی ابتدائی رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت

ہفتہ 7 مارچ 2015 21:46

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا رواں مالی سا ل کے بجٹ اقدامات پر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے رواں مالی سا ل کے بجٹ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں فریم ورک کی تیاری پر تفصیلی بریفنگ دی جائے جس سے آئندہ بجٹ کی تیاری میں مدد حاصل ہو گی ، ایف بی آر اب تک زیرالتواء ریفنڈ کیسز کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو بجٹ 2014-15ء کے بجٹ اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے مختلف کئے گئے اقدامات اور ان پر عمل درآمد سمیت دیگر تفصیلات پر بریفنگ دی جن میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کا قیام (جو اپنی ابتدائی رپورٹ تیار کر چکا ہے) ایکسپورٹ ری فنانس پر مارک اپ کی شرح میں کمی، لمبے عرصے کیلئے قرضوں پر مارک اپ میں کمی، سیلز ٹیکس ریفنڈ، فصلوں کی انشورنس سکیم، ایگزم بینک کے قیام پر پیش رفت، ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی ری سٹرکچرنگ سمیت دیگر امور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایات پر ٹیکسٹائل کے شعبہ کو 30ستمبر 2014ء تک 10ارب 18کروڑ 70لاکھ روپے کے ٹیکس ریفنڈ کے چیک جاری کئے گئے اس طرح 30جون 2014ء تک جمع کروائے گئے تمام تصدیق شدہ کلیمز کی ادائیگی کا عمل مکمل ہو گیا۔ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ریفنڈ کلیمز کو ایک ماہ کے اندر اندر کلیئر کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے حکم دیاکہ ایف بی آر اب تک زیرالتواء ریفنڈ کیسز کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

اسحاق ڈار کو بتایا گیا کہ ایل این جی کی درآمد کے حوالے سے کافی پیش رفت ہو چکی ہے اور یکم اپریل 2015ء سے 325ایم ایم سی ایف ڈی، ایل این جی درآمد کی جائے گی جس کی درآمد پر رواں سال کے آخر تک 400ایم ایم سی ایف ڈی تک بڑھائی جائے گی۔ ایل این جی کو پاور سیکٹر میں استعمال کیا جائے گا تا کہ مہنگے ایندھن سے چھٹکارا حاصل ہو سکے۔ وزیراعظم کے آئی سی ٹی سکالر شپ پروگرام کے تحت 530سکالر شپس کی پیش کش کی گئی جن میں سے دیہی طلباء نے 480سے استفادہ کیا ہے اور ان کو ملک بھر کی 21یونیورسٹیوں میں سکالر شپس دئیے گئے ہیں اور بہار سمسٹر کے دوران 500کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے رواں مالی سا ل کے بجٹ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں فریم ورک کی تیاری پر تفصیلی بریفنگ دی جائے جس سے آئندہ بجٹ کی تیاری میں مدد حاصل ہو گی۔ وزیر خزانہ نے ٹیکس ریفارمز کمیشن کی ابتدائی رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن کی تیار کردہ رپورٹ کی روشنی میں بجٹ 2015-16ء کی تیاری کے خواہشمند ہیں۔