پاکستان‘ چین اور دیگر ممالک کیساتھ مل کر دہشت گردی سے نمٹ رہے ہیں ‘ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات بارے پیش رفت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، افغانستان کو پراکسی وار سے باہر نکالیں گے، افغان صدر اشرف غنی کاتقریب سے خطاب

ہفتہ 7 مارچ 2015 22:06

پاکستان‘ چین اور دیگر ممالک کیساتھ مل کر دہشت گردی سے نمٹ رہے ہیں ‘ ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 مارچ۔2015ء) افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان‘ چین اور دیگر ممالک کیساتھ مل کر دہشت گردی سے نمٹ رہے ہیں ‘ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی کامیابیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، افغانستان کو پراکسی وار سے باہر نکالیں گے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی کی 16ویں قانون سازی کی مدت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ حکومت کے تینوں ستون بہتر کام کررہے ہیں اور ان میں اختلافات کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان دنیا اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے انتہائی اہم ملک ہے اور وہ خطے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے علاقائی سٹیک ہولڈرز کیساتھ مل کرکام کررہا ہے اور اتفاق رائے میں چین‘ بھارت‘ پاکستان‘ ایران‘ روس‘ تاجکستان‘ ازبکستان‘ ترکمانستان‘ سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات‘ آذربائیجان اور ترکی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اشرف غنی نے وعدہ کیا کہ وہ افغانستان کو پراکسی وار سے باہر نکالیں گے اور خارجہ پالیسی اس سلسلے میں اہم ہے اور یہ سارا معاملہ افغان عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے جلد انتخابی اصلاحاتی کمیشن کی تشکیل کا بھی وعدہ کیا۔ اشرف غنی نے کہا کہ ہماری اتحادی حکومت سابقہ حکومت کی جانب سے طالبان کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت اور کامیابیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی کیونکہ یہ گذشتہ 13 سال کی محنت سے حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کا فیصلہ کن طریقے سے دفاع کریں گے۔