مجھ پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ مذاق ہے ، علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتا ہوں : پرویز مشرف

ہفتہ 7 مارچ 2015 23:13

مجھ پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ مذاق ہے ، علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتا ہوں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7مارچ۔2015ء) سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے مجھ پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات چلانا ایک مذاق ہے جبکہ مجھ پر مقدمات چلانے والے پہلے آرٹیکل 6 کو دیکھ لیں بعد میں بات کریں۔مولانا احترام الحق تھانوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی موجودگی میں ملک کو کچھ نہیں ہو سکتا جبکہ وہ اور ان کی جماعت فوجی عدالتوں کی حمایت بھی کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوجی عدالتوں کا قانون بھی پاس ہو گیا ہے جبکہ اس قانون کے پاس ہونے کے باوجود رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ وہ اپنا علاج کروانے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت نااہل ہے جبکہ دوتہائی اکثریت والی حکومت کا انتظار نہ کیا جائے اور ملک میں نظام کی بہتری کے لیے اسے گھر بھیج دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارے ملک میں فرقہ واریت کو بڑھاوا دے رہا ہے جبکہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے ہمارے ملک کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اپنے دور حکومت میں انہوں نے فوج کو جدید اسلحے سے لیس کیا تھا جس کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا دفاع اب انتہائی مضبوط ہے۔

متعلقہ عنوان :