حیرت ہے سرفرازاحمد کو ابتک موقع کیوں نہیں دیا گیا،مائیکل بیون

اتوار 8 مارچ 2015 12:47

حیرت ہے سرفرازاحمد کو ابتک موقع کیوں نہیں دیا گیا،مائیکل بیون

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) سابق آسٹریلوی بلے باز مائیکل بیون نے کہا ہے کہ انہیں حیرت ہے کہ پاکستانی ٹیم نے اب تک ورلڈ کپ میں وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو موقع نہیں دیا۔ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ شاندار رہا، انہوں نے نہ صرف بطور اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا بلکہ بہترین وکٹ کیپنگ بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ میچ میں سرفراز نے چھ کیچز پکڑے اور ان میں سے کچھ کیچ آسان نہیں تھے۔پاکستان کی باوٴلنگ لائن اپ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم میں محمد عرفان جیسا باوٴلر شامل ہے اور میچ میں ڈی کوک کو کرائی گئی گیند شاندار تھی اور وہ اس طرح کی باوٴلنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرفان کے بعد بھی پاکستان کے پاس ایسے باوٴلرز موجود ہیں جو 140 کلو میٹر سے زیادہ کی رفتار سے باوٴلنگ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہندوستانی سابق فاسٹ باوٴلر اجیت آگرکر کے مطابق فاسٹ باوٴلر وہاب ریاض کا اسپیل اہم تھا جو پاکستان کے لیے اس ورلڈ کپ میں بہترین باوٴلر کرتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باوٴلنگ کے ساتھ ساتھ وہاب بیٹنگ میں بھی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں اور زمبابوے کے خلاف میچ میں ان کی بیٹنگ بہترین تھی۔انہوں نے کہا کہ راحت علی بھی متاثر کن باوٴلر ہیں، انہوں نے لیگ اسپنر کے بجائے خود کی ٹیم میں شمولیت درست ثابت کی ہے اور کچھ اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔

انہوں نے کہاکہ رات کو گیند ہوا میں تھوڑی سوئنگ ہورہی تھی اور پاکستان تیز گیند بازوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور جنوبی افریقی ٹیم کو دباوٴ میں لانے میں کامیاب رہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان نے درست ٹیم کھلائی، یونس حارث سہیل کو انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیے گئے جو کہ پاکستان کے لیے اچھا رہا اور سرفراز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔