سرفراز نے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بیش قیمت کھلاڑی ثابت کر دکھایا ہے۔۔۔ برطانوی میڈیا

اتوار 8 مارچ 2015 13:04

سرفراز نے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بیش قیمت کھلاڑی ثابت کر دکھایا ..

لندن /آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ سرفراز احمد جب سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے ہیں انھوں نے خود کو پاکستانی ٹیم کا سب سے بیش قیمت کھلاڑی ثابت کردکھایا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سری لنکا کے خلاف شارجہ ٹیسٹ سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز تک سرفراز احمد نے وکٹ کیپنگ سے زیادہ بیٹنگ میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔

ورلڈ کپ کے پہلے چار میچوں میں سرفراز احمد کو کھیلنے کا موقع نہ مل سکا تاہم ناصر جمشید کے مسلسل ناکام رہنے کے سبب سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں اوپنر کی حیثیت سے کھلایا گیا اور اب وہ اپنی شاندار آل راوٴنڈ کارکردگی کے سبب شہ سرخیوں میں ہیں۔سرفراز احمد نے پہلے جارحانہ انداز میں اوپننگ کرتے ہوئے 49 رنز سکور کیے اور پھر چھ کیچز لے کر ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ کیچز لینے کے عالمی ریکارڈ برابری کی۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیا کے مطابق سرفراز احمد بہت خوش ہیں کہ ان کی یہ کارکردگی ٹیم کے کام آئی تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اس میچ سے قبل وہ خاصے دباوٴ میں تھے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ کا یہ بہت بڑا میچ تھا اور میرا یہ عالمی کپ کا پہلا میچ تھا لہذا میں خاصا دباوٴ محسوس کررہا تھا اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اس میچ سے قبل کافی وقفہ آگیا تھا کہ میں کوئی میچ نہیں کھیل سکا تھا لیکن مجھے کپتان مصباح الحق اور کوچ وقاریونس نے بہت حوصلہ دیا کہ اپنا قدرتی کھیل کھیلنا تم بڑا سکور کرسکتے ہو۔

ڈیل سٹین کی پہلی گیند کا سامنا کرتے ہوئے کیا احساسات تھے؟میں نے سٹین کی پہلی ہی گیند سے یہ اندازہ لگالیا تھا کہ کریز پر کھڑے ہوکر کھیلنا مشکل ہوگا چونکہ میری عادت ہے کہ کریز سے آگے ہوکر میں کھیلتا ہوں لہٰذا اس میچ میں بھی یہی کیا تاکہ بولرز کو لینتھ لائن درست رکھنے میں دشواری ہو۔ میں نے کوشش یہی کہ یہ نہ دیکھوں کہ بولر کون ہے؟ ان کی گیندوں کو دیکھوں۔

سرفراز احمد کو اپنے رن آوٴٹ ہونے کا بہت افسوس ہے۔انھوں نے کہا کہ میں توقع نہیں کررہا تھا کہ ڈیوڈ ملر اتنی تیزی سے گیند کی طرف آئیں گے میں مورکل کو دیکھ رہاتھا کہ گیند ان کے پاس جانے تک میں دو رنز لے لوں گاافسوس اس بات کا تھا کہ میں مشکل وقت نکالنے کے بعد آسان وقت میں آکر رن آوٴٹ ہواسرفراز احمد کو میچ کے بعد پتہ چلا کہ انھوں نے چھ کیچز لے کر ایک ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ کیچز کا عالمی ریکارڈ برابر کیا ۔

مجھے یہ تو معلوم تھا کہ پاکستانی وکٹ کیپرز نے ایک میچ میں پانچ کیچز لیے ہیں مگر میچ کے بعد یہ پتہ چلا کہ میں نے عالمی ریکارڈ برابر کردیا ہے تو بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان اور میرا نام بھی ریکارڈ بک میں آگیا سرفراز احمد ہاشم آملہ کے کیچ کو ٹیم کے نقطہ نظر سے انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔

ہاشم آملہ بہت ہی جارحانہ بیٹنگ کررہے تھے اور اس وقت ٹیم کو وکٹ کی ضرورت تھی ۔

وہاب ریاض کی گیند بہت اچھی تھی جس پر میں نے کیچ لیا جس سے پاکستانی ٹیم کو کافی حوصلہ ملا‘سرفراز احمد نے کہاکہ جس انداز سے اے بی ڈی ویلیئرز نے بیٹنگ کی اس سے ایک موقع پر یہ میچ ان کی گرفت میں جاتا دکھائی دے رہا تھا تاہم امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوٹا تھا۔ یقینا اے بی ڈی ویلیئرز نے بہت ہی عمدہ بیٹنگ کی مگر ہم لوگ یہی کہہ رہے تھے کہ اگر اے بی ڈی ویلیئرز قابو میں نہیں آرہے ہیں تو دوسرے اینڈ پر بیٹسمینوں کو آوٴٹ کرنے کی کوشش کی جائے۔

اس صورتحال میں اے بی ڈی ویلیئرز بھی غلطی کرسکتے ہیں اور ان کی وکٹ بھی ہمیں مل سکتی ہے۔سرفراز احمد نے بتایا کہ وہ یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور میڈیا میں ان کی کوچ وقاریونس سے لڑائی کی خبریں سامنے آنے پر وہ سخت حیران ہیں۔ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے کوچز ہوں یا کپتان یا کوئی اور سب پاکستان کی نمائندگی کیلئے یہاں آئے ہوئے ہیں اور کسی سے بھی لڑائی جھگڑے کا وہ سوچ بھی نہیں سکتے اس وقت اس طرح کی منفی خبروں کے بجائے ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹیم کی جتنی بھی ممکن ہوسکے حوصلہ افزائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :