جنوبی وزیرستان متاثرین کی علاقوں کو واپسی کیلئے رجسٹریشن شروع ہوگئی

پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی نگرانی میں رواں مرحلہ میں 8 ہزار سے زائد خاندانوں کو اپنے علاقوں میں پہنچایا جائیگا موسمی خرابی اور بارش کے باوجود جنوبی وزیرستان کے متاثرین کراچی اور دور افتادہ علاقوں سے ٹانک پہنچ رہے ہیں  ذرائع

اتوار 8 مارچ 2015 16:57

جنوبی وزیرستان متاثرین کی علاقوں کو واپسی کیلئے رجسٹریشن شروع ہوگئی

وزیرستان (پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء ) آپریشن راہ نجات کی کامیابی کے بعد جنوبی وزیرستان متاثرین کی اپنے علاقوں کو واپسی کے لیے رجسٹریشن شروع ہوگئی ۔ جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف پاک فوج نے آپریشن راہ نجات 2009 میں شروع کیا جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل نے حکومتی ایماء پر نقل مکانی کی متاثرین جنوبی وزیرستان ٹانک ، کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں آباد ہوئے ۔

جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کی کامیابی کے بعد متاثرین جنوبی وزیرستان کی اپنے علاقوں کو مرحلہ وار واپسی شروع ہوگئی پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی نگرانی میں رواں مرحلہ میں 8 ہزار سے زائد خاندانوں کو اپنے علاقوں میں پہنچایا جائیگا ۔ پولیٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان اسلام زیب نے بتایا کہ واپس جانے والے فی خاندان کو 35 ہزار نقدی ، 6 ماہ کا راشن ، فری ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سامان بھی فراہم کیا جائیگا رواں مرحلہ میں جنوبی وزیرستان کے علاقے مولے خان سرائے ، ڈیبہ ، ڈینڈ کچ ، ریشوڑہ ، اولڈ سرویکئی ، شین ورسک ، ملے جان ، دیتہ والا ، زانگئی ، سول پنگائی ، مادیکئی اورکاردئی کے متاثرین کو اپنے آبائی علاقوں بھیجا جائیگا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے باتیا کہ موسمی خرابی اور بارش کے باوجود جنوبی وزیرستان کے متاثرین کراچی اور دور افتادہ علاقوں سے ٹانک پہنچ رہے ہیں ۔