29 ہزار میٹرک ٹن گندم مزید ایکسپورٹ کرنے کی منظوری ، تمام گندم مراکز خالی کرکے نئے سیزن کی گندم خریدنے کیلئے انتظامات کئے جاسکیں،محکمہ زراعت

اتوار 8 مارچ 2015 21:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 مارچ۔2015ء)حکومت پنجاب کی طرف سے محکمہ خوراک و زراعت کو جاری ایک مراسلہ میں ہدایت کی ہے کہ کھلی جگہوں اور گوداموں میں پڑی ہوئی مزید 29 ہزار میٹرک ٹن گندم ایکسپورٹ کرنے کی ہدایت پر فوری عمل کریں ۔ذرائع کے مطابق مراکز گندم میں وافر ذخائر کے باعث حکومت نے پہلے بھی 12 ہزار میٹرک ٹن گندم فروخت کی تھی لیکن اب مزید 29 ہزار میٹرک ٹن گندم کو ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ایک سنیئر آفیسر نے آن لائن کو بتایا کہ 4 اپریل سے صوبہ بھر میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہوجاتا ہے لیکن اب تک مراکز گندم میں سابقہ گندم کے ذخائر موجود ہیں پہلے مرحلہ میں جو گندم ایکسپورٹ کی گئی ہے وہ کھلے آسمان میں بنائے گئے مراکز سے اٹھائی گئی ہے۔اب ایکسپورٹ ہونیوالی 29 ہزار میٹرک ٹن گندم مراکز سے اٹھوائی جائیگی تاکہ جلد از جلد تمام مراکز خالی کرکے انہیں نئے سیزن کی گندم خریدنے کیلئے انتظامات کئے جاسکیں۔