چین سے 3000میگا واٹ بجلی کی درآمد کا فیصلہ مثبت پیش رفت ہے‘ راجہ عدیل

پیر 9 مارچ 2015 13:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) تاجر رہنما ،ایگزیکٹوممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل نے چین سے ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے 3000میگا واٹ بجلی کی درآمد کے حکومتی فیصلے کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی بحران اور بدترین لوڈ شیڈنگ سے معیشت سمیت صنعتکاروں کو بے حد نقصان پہنچ رہا ہے ،اس لیے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ سے ہی صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔

(جاری ہے)

راجہ عدیل نے کہا کہ کہ ایک اندازے کے مطابق ملک میں 50ہزار میگاواٹ سے زائد ہائیڈل بجلی بنانے کی صلاحیت موجود ہے واپڈا کے جاری اور فزیبلیٹی مکمل ہونے والے منصوبوں کو شروع کیا جائے تو آج بھی دو سے تین روپے فی یونٹ والی سستی بجلی حاصل کی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی سے صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی پریشانی کا شکار ہیں ،اس لیے غیر ملکی وسائل پر انحصار کم کیا جائے اور شارٹ ٹرمز منصوبوں کی بجائے لانگ ٹرم منصوبوں کی طرف توجہ مبذول کی جائے جس سے دریاؤں میں سارا سال زراعت کے لیئے پانی بھی دستیاب رہے گا اور مستقبل کی پانی کی ضروریات بھی مکمل ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :