آئر لینڈ کے خلاف پول میچ میں قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کا اہم فیصلہ کرنے کا امکان

پیر 9 مارچ 2015 20:22

آئر لینڈ کے خلاف پول میچ میں قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کا اہم ..

ایڈیلیڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مارچ۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم نے پول بی میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں اہم فیصلہ لینے کا ارادہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے پول بی کا آخری میچ آئر لینڈ کے ساتھ ہے جبکہ اس میچ میں ٹیم مینجمنٹ سمیت سلیکشن کمیٹی بھی پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عرفان کو نہ کھلانے کا فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی آئر لینڈ کے خلاف پول میچ میں محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے جبکہ اس فیصلے کے پیچھے سلیکشن کمیٹی میں یہ سوچ بھی موجود ہے کہ آئر لینڈ کی ٹیم سپنرز کو اچھی طرح نہیں کھیل پاتی اس لیے محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا جائے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وقار یونس کا اس فیصلہ میں اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ محمد عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پٹھوں کی تکلیف ہوئی تھی جس کے باعث ان کی اگلے میچ میں شرکت بھی مشکوک ہوتی نظر آرہی ہے۔جبکہ اس فیصلے میں سلیکشن کمیٹی سمیت ٹیم مینجمنٹ بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔یاد رہے قومی ٹیم 15 مارچ کو ایڈیلیڈ کے میدان میں آئرلینڈ کا سامنا کرے گی جبکہ اس میچ میں قومی ٹیم کو شکست کے بعد پاکستان کا کواٹر فائنل میں رسائی کا معاملہ کھٹائی میں بھی پڑ سکتا ہے۔