خواتین کے شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا‘صوبائی وزیر سماجی بہبود،

حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی‘سید ہارون احمد سلطان بخاری

پیر 9 مارچ 2015 20:47

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء )صوبائی وزیر سوشل ویلفیئرسید ہارون احمد سلطان بخاری نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتاجبکہ تعلیم اور معاشرتی خود مختاری کے بغیر عورتوں کے حقوق کا تحفظ ممکن نہیں۔حکومت پنجاب نے خواتین کے حقوق کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی ،جس کے نتیجے میں کم عمری کی شادیاں ، وراثتی جائیداد سے محروم رکھنے سمیت دیگر سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہو گا،خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت پنجا ب نے پہلی مرتبہ خاتون محتسب کا تقرر عمل میں لایا،ملازمت اور عوامی مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے کے حوالے سے تین سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے،ملازمت،ریاست اور دیگر شعبوں میں کوٹے مختص کئے،ورکنگ وویمن ہاسٹل ،کرائسز ہاسٹلز کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر ودیگر افسران بھی موجو د تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے خواتین کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے قوانین میں متعدد ترامیم کی ہیں جس کے تحت قوانین کے لئے وراثتی جائیداد میں حصہ اور فوری ملکیت کو یقینی بنانے کے علاوہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے کوٹے میں 15 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے اور ملازمت کی خواہش مند خواتین کے لئے عمر کی حد میں تین سال مزید رعایت دے دی ہے۔

محنت مزدوری کے لئے گھر سے نکلنے والی خواتین کو ہراساں کرنے والے کو خاتون محتسب کے ذریعے سخت سزا دی جائے گی جبکہ خواتین پر تیزاب پھینکنے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو مردوں کی نسبت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے تعلیم کا حصول مردوں سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام عورتوں کوچاہیے کہ وہ کسی بھی شعبہ زندگی سے تعلق رکھتی ہوں وہ ایک دوسرے کو سپورٹ کریں تاکہ اس معاشرے کو مہذب اور وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے تمام مراعات دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عملی طور پر خواتین کو معاشی خود اختیاری اور قانونی تحفظ دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ حکومت پنجاب نے سنجیدگی سے خواتین کے مسائل حل کئے ہیں۔حکومت پنجاب خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے تمام مراعات دے رہی ہے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کررہی ہے۔