حکومت پنجاب نے سرکاری ، خودمختار، ڈویلپمنٹ اور ریسرچ سنٹر زمیں خواتین کی نمائندگی کو لازمی قرار دیا ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن،

پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، غیرملکی سرمایہ کار پاکستان خصوصاً صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں ، دنیا کے تمام حصوں کے ممالک کی تجارتی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کررہی ہیں ‘صوبائی وزیرکی خواتین پارٹی ورکرزکے وفود سے گفتگو

پیر 9 مارچ 2015 20:49

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء ) وزیرقانون، ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہحکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور ان پراجیکٹس کے مراکز میں ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی تعیناتی‘ برتھ کٹس ‘ طبی آلات اور ضروری ادویات کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہے تا کہ خواتین کی صحت بہتر بنا کر انہیں قومی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع مہیا کئے جا سکیں ،خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خواتین پارٹی ورکرزکے وفود سے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہخواتین آبادی کا 50 فیصد ہیں اور خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کو 52 فیصد سے زائد وسائل دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری ، خودمختار، ڈویلپمنٹ اور ریسرچ سنٹر زمیں خواتین کی نمائندگی کو لازمی قرار دے دیا ہے جس کے تحت 25ہزار خواتین کو نمائندگی کا حق حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اقتصادی و سماجی بہتری کے لئے اقدامات کئے جار ہے ہیں خصوصا دیہی خواتین کو با عزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ابتدائی طور پر 50 کروڑ روپے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں-انہوں نے کہا کہ طالبات کو وظائف کی مد میں ایک ارب 50 کروڑ روپے، گرلز سکولوں میں بنیادی سہولتو ں کی فراہمی کے لئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز اور صوبہ کے تین پسماندہ ترین اضلاع میں طالبات کے وظائف کی رقم دگنا کر دی گئی ہے - علاوہ ازیں ا نٹر پرینیورز آرگنائزیشن کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ دوست ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے حجم میں بھی اضافہ ہوا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے گوشت اور چاول ، فروٹ ودیگر کئی اجناس انٹر پرینیورز آرگنائزیشن کے ممبر ممالک کوبھیجی جا سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور غیرملکی سرمایہ کار پاکستان خصوصاً صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا کے تمام حصوں کے ممالک کی تجارتی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کررہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ کانفرنس جیسی تقریبات سے رکن ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے اور حکومت پنجاب ایسی تقریبات کے انعقاد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔