سراج الحق سے جماعت اسلامی بلوچستان کے دو رکنی وفد کی منصورہ میں ملاقات

پیر 9 مارچ 2015 20:51

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے جماعت اسلامی بلوچستان کے دو رکنی وفد نے منصورہ میں ملاقات کی ۔ وفد عبدالقیوم کاکڑ اور مولوی عبدالمنان پر مشتمل تھا۔ وفد نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو بتایا کہ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے 6 سال قبل اپنے دورہ کوئٹہ کے موقع پر اعلان کرتے ہوئے وعدہ کیا تھاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے کوئٹہ میں امراض قلب کا ایک خصوصی ہسپتال تعمیر کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

مذکورہ ہسپتال پنجاب کے عوام کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے لیے خیر سگالی تحفہ ہوگا لیکن طویل عرصہ کے باوجود مذکورہ وعدہ پورا نہیں ہوسکا ۔ بلوچستان کے عوام کوئٹہ میں ہسپتال کے تحفے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں کیوں کہ کوئٹہ میں امراض قلب کا کوئی ہسپتال موجود نہیں ہے اور لوگ علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں سے سفر کر کے کراچی ، لاہور ودیگر شہروں کو جاتے ہیں جس پرانہیں بھاری اخراجات اٹھانا پڑتے ہیں اور اکثر مریض ہسپتالوں تک پہنچنے سے پہلے ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب اپنے وعدے کے مطابق بلوچستان کے عوام کے لیے کوئٹہ میں جلد امراض قلب کا ہسپتال تعمیرکرے ۔