696 سول ججوں کی بھرتی کے خلاف دائر درخواست عدم پیروی کے باعث خارج

پیر 9 مارچ 2015 20:59

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے696 سول ججوں کی بھرتی کے خلاف دائر درخواست عدم پیروی کے باعث خارج کردی ،لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے رٹ درخواست پر اعتراض لگایا تھا کہ ہائیکورٹ کیخلاف رٹ درخواست دائر نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

میاں طاہر حنیف کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے اخبار میں اشتہار دے کر سول ججوں کا امتحان ایک نجی ادارے این ٹی ایس کے ذریعے لینے کا فیصلہ کیا جو کہ خلاف قانون ہے جبکہ قانون کے مطابق سرکاری ملازمتوں کے تحریری امتحان کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا سرکاری ادارہ موجود ہے ، جوڈیشل آفیسرز آرڈیننس 1962 اورپنجاب پبلک سروس کمیشن کے رولز کے مطابق سول ججوں کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان پنجاب پبلک سروس کمیشن لے گا اور کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں سول ججوں کو بھرتی کیا جائیگا لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ این ٹی ایس کے زیر اہتمام سول ججوں کا امتحان روکنے اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت امتحان لینے کا حکم دیا جائے۔