واسا اور ضلعی انتظامیہ کوگندے نالوں کی توسیع کیلئے کچی آبادیاں گرانے سے روکنے کیلئے حکم امتناعی جاری

پیر 9 مارچ 2015 20:59

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے واسا اور ضلعی انتظامیہ کوگندے نالوں کی توسیع کیلئے کچی آبادیاں گرانے سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مسٹرجسٹس چوہدری محمد اقبال کی عدالت میں درخواست گزار عمران سلیم نے موقف اختیار کیا کہ ضلعی انتظامیہ واسا کی ملی بھگت سے بازو احاطہ،بیگم روڈ، مزنگ اور لاہور کے مختلف علاقوں سے گزرنے والے گندے نالوں کی توسیع کی آڑ میں کچی آبادیاں گرانے کا منصوبہ بنا چکی ہے،انہوں نے بتایا کہ کچی آبادیوں کے مکین قیام پاکستان سے قبل اس جگہ پرآباد ہیں تاہم ضلعی حکومت انہیں بے گھر کررہی ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ محکموں نے کئی دہائیوں سے گندے نالوں کی صفائی نہیں کی اوراپنی غفلت چھپانے کے لئے نالوں کی توسیع کا منصوبہ بنایا جو کچی آبادی کے مکینوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ڈی سی او لاہور اور ایم ڈی واسا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔