ڈیویلیئرز کی وکٹ کریئر کی بہترین تھی، سہیل خان

پیر 9 مارچ 2015 22:17

ڈیویلیئرز کی وکٹ کریئر کی بہترین تھی، سہیل خان

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے پیر کے روز کہا کہ جنوبی افریقی مایہ ناز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز کی وکٹ نے انہیں ورلڈ کپ میں اور بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے نیا حوصلہ دیا ہے۔ 31 سالہ سہیل نے ہفتے کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے میچ میں ڈیویلیئرز کی وکٹ حاصل کرکے پاکستان کی جیت یقینی بنائی تھی جو کہ میچ پاکستان کی گرفت سے باہر لے جارہے تھے۔

سہیل کی شارٹ بال پر جنوبی افریقی کپتان پل مارنا چاہتے تھے تاہم بال ان کے بلے کے اوپری کنارے سے لگ کر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں میں جاپہنچی۔ پاکستان کو میچ میں 29 رنز سے فتح ملی جس کے بعد گرین شرٹس کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سہیل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ویویلیئرز پاکستان کی گرفت سے میچ دور لے جارہے تھے جس کے بعد انہیں بال دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے انہوں نے ڈیویلیئرز کا آگے بال کی جس کے بعد انہوں نے شارٹ بال کی جس پر جنوبی افریقی کپتان آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وکٹ ان کے کریئر کی بہترین وکٹ تھی کیوں کہ ڈیویلیئرز دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ کے بعد ان کے اعتماد میں کافی اضافہ ہوا ہے اور وہ اب اگلے میچ میں پانچ وکٹیں لینے کے خواہشمند ہیں۔

پاکستان اپنے گروپ کا آخری میچ 15 مارچ کو ایڈیلیڈ میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ گروپ بی میں اب تک صرف ہندوستان نے ہی کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر رکھی ہے جبکہ جنوبی افریقہ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ میں سے کوئی تین ٹیمیں اگلے مرحلے میں داخل ہوں گی۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہم نے میچ میں ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کی پلاننگ کے مطابق گیند بازی کی اور جوش و جذبے سے باؤلنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی اٹیک اسی طرح کی پرفارمنس دکھاتا رہا تو انکی ٹیم ٹورنامنٹ میں کافی آگے تک جاسکتی ہے۔