پاکستان کا ناتجربہ کار لیکن خطر ناک باؤلنگ اٹیک چھا گیا

منگل 10 مارچ 2015 00:51

پاکستان کا ناتجربہ کار لیکن خطر ناک باؤلنگ اٹیک چھا گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ ناتجربہ کار اور کمزور باؤلنگ اٹیک قرار دیئے جانے والے پاکستانی باؤلنگ اٹیک نے اپنی پرفارمنس سے تمام ہی ناقدین کو انگلیاں دانتوں تلے دبانے پر مجبور کر دیا ہے ۔ محمد عرفان، سہیل خان، راحت علی اور وہاب ریاض پر مشتمل دنیا کے سب سے ناتجربہ کار باؤلنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اب تک ورلڈ کپ میں دنیا کا دوسرا بہترین باؤلنگ اٹیک ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ تک رسائی کی امیدیں ایک بار پھر روشن کر دی ہیں۔

پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے اب تک ورلڈ کپ کے پانچ میچوں میں حریف ٹیموں کی پچاس میں سے 33 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ایک میچ میں راحت علی نے شرکت نہیں کی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض گیارہ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر ہیں جبکہ سہیل خان نے نو، محمد عرفان نے آٹھ جبکہ راحت علی نے تین میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اس باؤلنگ اٹیک نے ورلڈ کپ فیورٹ ٹیم کی تمام دس وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔

واضح رہے کہ اس وقت ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ملکوں میں پاکستانی اٹیک زمبابوے اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ناتجربہ کار ہے۔ اب تک فاسٹ باؤلنگ اٹیک میں سب سے زیادہ وکٹیں نیوزی لینڈ کے اٹیک نے حاصل کی ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤدھی اور کوری اینڈرسن پر مشتمل اٹیک نے پانچ میچوں میں 34 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :