سرفرازاحمد کو کپتان اور مینیجر نے ٹیم میں شامل کر ایا،وقاریونس خفاہوگئے

منگل 10 مارچ 2015 11:44

سرفرازاحمد کو کپتان اور مینیجر نے ٹیم میں شامل کر ایا،وقاریونس خفاہوگئے

ایڈیلیڈاوول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس جنوبی افریقہ کے خلاف سرفراز احمد کو کھلانے پر کپتان مصباح الحق اور مینیجر نوید اکرم چیمہ سے ناراض ہیں۔ وقار یونس وکٹ کیپر بیٹسمین کو کھلانے کے حق میں نہیں تھے لیکن کپتان اور مینیجر نے انہیں ٹیم میں شامل کر لیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں سرفراز احمد کو کھلانے پر کپتان مصباح الحق اور مینیجر نوید اکرم چیمہ سے سخت ناراض ہیں۔

کوچ وکٹ کیپر بیٹسمین کو ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے لیکن ٹور سلیکشن کمیٹی کے دو ارکان مصباح الحق اور نوید اکرم چیمہ نے اتفاق رائے سے وکٹ کیپر کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے نہ صرف تین چھکوں اور پانچ چوکوں سے مزین اننچاس گیندوں پر اننچاس رنز بنائے بلکہ چھ کیچز کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بھی وقار یونس سرفراز احمد کے بارے میں میڈیا کے سوال پر چراغ پا ہوگئے۔وقاریونس کا ورلڈ کپ دو ہزار گیارہ میں بھی کپتان شاہد آفریدی سے جھگڑا ہوا تھا۔ انہوں نے اس وقت چئیرمین پی سی بی اعجاز بٹ سے آفریدی پر پانچ میچز کی پابندی لگوانے کے بعد قیادت سے بر طرف کروا دیا تھا۔ لیفٹ ہینڈر فواد عالم بھی انہیں پسند نہیں۔

دو ہزار چودہ میں ون ڈے کرکٹ میں احمد شہزاد کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے کے باوجود فواد عالم کو یو اے ای میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ سیریز سے ڈراپ کر کے ڈیڑھ سال سے ناکام ناصر جمشید کو شامل کروایا۔ ورلڈ کپ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے فواد عالم کی تعریف کی لیکن انہیں ٹیم میں جگہ نہیں دی۔ورلڈ کپ کے لیے تین ریزرو پلیئر شعیب ملک، سہیل تنویر اور اظہر علی کا اعلان کیا گیا لیکن وقار یونس کی پسند پر ان تینوں کے بجائے جنید خان اور محمد حفیظ کے زخمی ہونے پر راحت علی اور ناصر جمشید کو بھیجا گیا جبکہ شاہد آفریدی کی موجودگی میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن اور ذوالفقار بابر پر ترجیح دی گئی۔