کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے پاکستان کو آئرش مزاحمت کچلنا ضروری

بدھ 11 مارچ 2015 11:43

کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے پاکستان کو آئرش مزاحمت کچلنا ضروری
ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11مارچ ۔2015ء ) اگر مگر کی فکر سے آزادی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو آئرش مزاحمت کچلنا ہوگی ورنہ کسی بھی ’’اپ سیٹ ‘‘ کی صورت میں ولیم پورٹ فیلڈ الیون کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر نے میں کامیاب ہو جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے ہاتھوں آئرلینڈ کی8 وکٹ سے شکست کے باوجود پاکستان کی کوارٹر فائنل میں رسائی کا راستہ صاف نہیں ہوا۔

اس وقت بھارت پانچوں میچز جیت کر پول بی میں سرفہرست ٹیم کی حیثیت سے کوارٹرفائنل میں جگہ پکی کرچکا، جنوبی افریقہ، گرین شرٹس اور آئرلینڈ نے بھی 5،5 میچز کھیلے اور 3،3 فتوحات کی بدولت 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں لیکن پروٹیز بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے، پاکستان تیسرے اور آئرلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کا جمعرات کو یو اے ای سے میچ ہوگا جبکہ پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیم اتوار کو مدمقابل آئیں گی، اسی روز پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور یو اے ای کا مقابلہ ہوگا۔

پاکستان اگر آئرش سائیڈ کو کسی بھی مارجن سے زیر کرلیتا ہے تو وہ 8پوائنٹس کیساتھ پول بی کی تیسری ٹیم کی حیثیت سے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالے گا۔ آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں سے جس کا رن ریٹ بہتر ہوا اسے چوتھی پوزیشن ملے گی ۔ اگر گرین شرٹس اپ سیٹ شکست کا شکار ہوجاتے ہیں تو آئرش ٹیم پہلی بار کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلے گی، اس صورت میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں سے جس کا رن ریٹ زیادہ اچھا ہوا وہی فائنل 8 میں پہنچ جائیگی۔

ویسٹ انڈیز میں موجود کرس گیل جیسے ہارڈ ہٹر یو اے ای کیخلاف بڑی کامیابی میں کردار ادا کرسکتے ہیں،کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا ہے کہ بڑی فتح حاصل کرنا ہمارے اختیار میں ہے جس کی بھرپورکوشش کریں گے، باقی ٹیموں کے نتائج میں ہم کچھ نہیں کرسکتے، آئرش کپتان پورٹر فیلڈ کی امیدیں بھی اب پاکستان کے خلاف میچ سے ہی جڑی ہوئی ہیں۔ پروٹیز کیخلاف فتح کے بعد بلند حوصلہ گرین شرٹس آئرلینڈکو کمزور حریف خیال کرنے کی غلطی نہیں کرنا چاہتے، پلیئرز نے منگل کو بھرپور تیاریوں کا آغاز کردیا،3گھنٹے تک سینٹ پیٹرز کالج کے میدان میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کرتے ہوئے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کی،ایڑی کی سوجن کی وجہ سے پروٹیز کیخلاف میچ کھیلنے سے محروم رہ جانے والے بیٹسمین حارث سہیل پریکٹس سے گریز کرتے ہوئے صرف رننگ اور ہلکی پھلکی ٹریننگ تک محدود رہے۔

انھیں بحالی فٹنس کیلیے مناسب وقت دیا جارہا ہے۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آئندہ میچز میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی،تمام پلیئرز کو آگاہ کردیا کہ ہمارے لیے کوئی دوسرا موقع نہیں بچا، ہر میچ میں کشتیاں جلاکر بے خوفی سے صرف جیت کا جذبہ لیے میدان میں اترنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ بڑے ٹورنامنٹ میں میچز جیتنے کیلیے بولنگ کے ہتھیاروں کاکاٹ دار ہونا ضروری ہے، اچھی بات یہ ہے کہ گذشتہ تینوں میچز میں ہمارے پیسرز نے بہترین پرفارم کیا۔

ایک سوال پر امصباح الحق نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں ہمارا مقابلہ نیوزی لینڈ یا آسٹریلیا کسی سے بھی ہو، ہمیں اعتماد ہے کہ ہر حریف کو زیر کرسکتے ہیں، کھلاڑیوں کو بتا دیاکہ ناک آؤٹ مرحلے میں بے خوف ہوکر کھیلنے کیلیے ذہنی طور پر تیار ہوجائیں، عمراکمل، حارث اور صہیب جیسے نوجوان کرکٹرز کیلیے موقع ہے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں اپنا وجود منوالیں۔

متعلقہ عنوان :