نائن زیرو پر چھاپے کیخلاف ایم کیو ایم کا احتجاج ، فائرنگ سے پارٹی کارکن جاں بحق

بدھ 11 مارچ 2015 11:47

نائن زیرو پر چھاپے کیخلاف ایم کیو ایم کا احتجاج ، فائرنگ سے پارٹی کارکن ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کی جانب سے چھاپہ کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں مشتعل کارکن احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ، کارکنوں نے پارٹی کے دفتر اور الطاف حسین کی رہائش گاہ پر چھاپے کے خلاف شدید احتجاج کیا ، اس دوران مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے دوران عزیز آباد میں ایک پارٹی کارکن وقاص شاہ جاں بحق ہوگیا ، ایم کیو ایم کے شدید احتجاج کے باعث اس وقت کراچی کے مختلف علاقوں میں ہڑتال رہی ، کاروباری مراکز ، سکول اور دفاتر بند رہے ، سرکاری اور نجی ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہوگئی جس کی وجہ سے عوام کو معمولات زندگی جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

الطاف حسین کے گھر اور پارٹی دفاتر پر چھاپے کی اطلاع جیسے ہی کارکنوں کو ملی تو وہ مشتعل ہوگئے ، کئی کارکن ہاتھوں میں لاٹھیاں اور ڈنڈے اٹھا کر سڑکوں پر آگئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب ہونے سے عوام کو آمد و رفت کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق متعدد طلبہ سکول جانے سے محروم رہ گئے ، احتجاج کی وجہ سے کئی ایمبولینسیں بھی ٹریفک میں پھنس گئیں جن کو نکالنے کیلئے پارٹی کارکنوں سے اپیلیں کی جاتی رہیں ، ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ رینجرز نے صبح پانچ بجے نائن زیرو کا محاصرہ کیا۔

اور اس کے بعد گلیوں ، بازاروں اور مکانوں میں گھس کر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کیا، آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا جن کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔