صدرممنون کا غیر ملکی دورہ‘ 72 گھنٹوں میں 3قائمقام صدر بنیں گے

بدھ 11 مارچ 2015 11:51

صدرممنون کا غیر ملکی دورہ‘ 72 گھنٹوں میں 3قائمقام صدر بنیں گے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین کے آذر بائیجان کے چار روزہ دورے کے دوران پارلیمانی اور آئینی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ آج سے قائم ہونا شروع ہوگیا ہے اور 48گھنٹوں میں تین آئینی عہدوں پرتعینات شخصیات قائمقام صدر کے فرائض سرانجام دیں گی۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آزر بائیجان کے چار روزہ دورے پر آج روانہ ہوگئے ہیں اور ان کی عدم موجودگی میں چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے قائمقام صدر کی زمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

وہ بارہ بجے تک قائمقام صدر کے فرائض انجام دیں گے جس کے بعد ان کے عہدے کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد قائمقام صدر کی ذمہ داریاں سپیکر سردار ایاز صادق 15گھنٹوں کے لئے سنبھال لیں گے جس کے بعد 12مارچ کو میاں رضا ربانی نئے چیئرمین سینٹ منتخب ہوجائیں گے اور نیئر بخاری ان سے نئے چیئرمین کا حلف لیں گے جس کے بعد وہ قائمقام صدر کی ذمہ داریاں تین دن تک ادا کریں گے اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ سینٹ کا نیا چیئرمین عہدے کا حلف اٹھاتے ہی قائمقام صدر کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لے گا۔

(جاری ہے)

سینٹ سیکرٹریٹ نے اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت نیئر بخاری نے قائمقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں جبکہ دوسرا نوٹیفکیشن رات گئے اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری کیا جائے گا جس کے تحت سپیکر قائمقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور 12 مارچ کی سہہ پہر کو نئے چیئرمین میاں رضا ربانی کی قائمقام صدر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کا نوٹیفکیشن سینٹ سیکرٹریٹ جاری کریگا۔

متعلقہ عنوان :