غیرملکی ٹینس ٹیموں کو بلانے کیلیے حکومت سے مدد طلب

بدھ 11 مارچ 2015 11:54

غیرملکی ٹینس ٹیموں کو بلانے کیلیے حکومت سے مدد طلب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11مارچ ۔2015ء ) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے غیر ملکی ٹیموں کو بلانے کے لیے حکومت سے مدد مانگ لی ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم سیف اللہ کا کہنا تھا دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اسپورٹس کو جائز مقام ملنا چاہئے، حکومتی سطح پر اس جانب بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کیلیے غیر ملکی ٹیموں کو یہاں آنے پر آمادہ کرے، ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں ہوں گی تو نوجوان نسل کے منفی چیزوں میں ملوث ہونے کے خدشات بڑھ جائیں گے۔ پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے ڈیوس کپ کے مقابلے سری لنکا میں ہونا افسوس کی بات ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ کویت کیخلاف ٹائی کیلیے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا، عابد علی اکبر کوکلثوم سیف اللہ کپ اور ٹرائلز میں شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ ملی، احمد چوہدری کو بھی اسی لیے منتخب کیا گیا، کویت کیخلاف کامیاب ٹیم ہی انڈونیشیا کیخلاف ایکشن میں نظر آئے گی، اس میں صرف ایک تبدیلی کرنا چاہتے ہیں وہ احمد کی جگہ سامر افتخار ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اعصام الحق اور عقیل خان 30سال سے زائدالعمر ہوگئے، اس لیے متبادل پلیئرز کی تلاش جاری ہے، اس سال کے دوران 12 جونیئر ٹورنامنٹس کا انعقاد کریں گے جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا۔ انھوں نے جونیئر ڈیوس کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔ انھوں نے بتایا کہ 4 ویمنز کھلاڑی اُشنا سہیل ،سارہ منصور، ماہین آفتاب اور ایمان قریشی اپریل میں بھارتی شہر حید رآباد میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گی، ماہیں آفتاب کو اگلے ہفتے تھائی لینڈ میں شیڈول ورلڈ ایونٹ میں بھی بھیجا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل ر ینکنگ میں شامل کھلاڑیوں کو اخراجات کیلیے 2 ہزار ڈالرکی فراہمی کیلئے نام آئی ٹی ایف کو بھجوا دیے ہیں، ٹینس کے فروغ کیلیے واپڈا ،پی آئی اے اور فوجی فرٹیلائزر کی طرح دیگر کمپنیزکو بھی آگے آنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :