معین خان کو ورلڈ کپ کے بعد فارغ کردیا جائے گا،بھارتی میڈیا

بدھ 11 مارچ 2015 13:30

معین خان کو ورلڈ کپ کے بعد فارغ کردیا جائے گا،بھارتی میڈیا

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان کو کرکٹ ورلڈ کپ کے خاتمے کے ساتھ ہی کرکٹ بورڈ سے فارغ کردیا جائے گا۔ معین خان کو واضح کردیا گیا کہ اب ان کی کرکٹ بورڈ کو کوئی ضرورت نہیں، نئے چیف سلیکٹر اور نئی سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کی ہدایات دی جا چکی ہے۔

معین خان کی جگہ چیف سلیکٹر کی دوڑ میں وسیم باری اور محسن خان کا نام لیا جارہا ہے۔ہندوستان ٹائمز، ٹائمز آف انڈیا نے خبر رساں ادارے کے حوالے سے لکھا کہ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کو آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کے خاتمے کے ساتھ ہی چیف سلیکٹر کی حیثیت سے ا ن کے فرائض سے سبکدوش کردیا جائے گا۔اس سے قطع نظر کہ پاکستانی ٹیم کا میگا ایونٹ میں کس موڑ پر سفر ختم ہو۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے باخبرذرائع کے حوالے سے بتایا گیاکہ عالمی کپ سے واپسی کے بعد حال ہی میں پی سی بی کے چیئرمین کے ساتھ ملاقات میں معین خان کو بتادیا گیا کہ ان کی چیف سلیکٹر کی حیثیت سے خدمات کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہیں عالمی کپ کے بعد ا ن کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا جائے گا۔ شہریار خان پہلے ہی نئی سلیکشن کمیٹی کے لیے موزوں دستیاب امیدواروں کے انٹرویو شروع کرنے کے لئے اپنے ساتھیوں کو ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے بھارت کے لیے روانہ ہونے سے پہلے پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے چیف سلیکٹر اور کمیٹی کے تین یا چار ارکان کے عہدے کے لئے امیدواروں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایات دے گئے ہیں۔معین خان کی جگہ وسیم باری اور محسن خان کو بطور چیف سلیکٹر کی دوڑ میں دیکھا جارہا ہے۔نیوزی لینڈ میں کسینو جانے پر معین خان کو پی سی بی کی طرف سے واپس بلا لیا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ٹیم کے ساتھ معین خان تھے تو نیوزی لینڈ میں پاکستان اپنے دونوں پہلے میچ ہار گیا۔جیسے ہی انہیں واپس بلایا گیا تو پاکستان نے ٹورنا منٹ میں مضبوط واپسی کی اور زمبابوے، متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ کو ہرادیا۔

متعلقہ عنوان :