ورلڈ کپ 2015: سری لنکا نے سکاٹ لینڈ کو 148رنز سے دھو ڈالا

بدھ 11 مارچ 2015 16:09

ورلڈ کپ 2015: سری لنکا نے سکاٹ لینڈ کو 148رنز سے دھو ڈالا
ہوبارٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے 35ویں میچ میں سری لنکا نے سکاٹ لینڈ کو 148رنز سے شکست دے دی ۔ بیلی رائیو ،اوول میں کھیلے گئے میچ میںِ سری لنکا نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 363رنز بنا ڈالے ۔ سری لنکن اوپنرز ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم نہ کر سکے اور تھریمانے 4رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے جس کے بعد کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشان نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں 223رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران دلشان نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 21ویں اور کمار سنگا را نے اپنی 25ویں ایک روزہ سنچری سکور کی ۔

دلشان 104اور سنگاکارا نے 124رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اینجلو میتھیوز نے 1چوکے اور 6چھکوں کی مدد سے 21گیندوں پر 51رنز بنا کر سری لنکا کا سکور 363رنز تک پہنچانے میں انتہائی اہم کر دار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

کوشل پریرا 24اور نوان کولا سیکرا 18رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے ۔ سکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے 3،ایونز اور بیرنگٹن نے 2،2جبکہ ٹیلر اور میچن نے 1،1وکٹ حاصل کی ۔

364رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 43.1اوورز میں 215رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ سکاٹ لینڈ کی طرف سے فریڈی کولمین 70 ،پیٹر مو میمسن 60،رچی بیرنگٹن 29اور میٹ میچن 19رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔ سری لنکا کی جانب سے کولاسیکرا اور چھیمارا نے 3،3جبکہ مالنگا نے 2اور پریرا اور دلشان نے 1،1وکٹ حاصل کی ۔ کمار سنگارا کو انکی شاندار سنچری کے صلے میں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :