مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے لاہور جنرل ہسپتال میں زیر علاج شاکر شجاع آبادی کی عیادت کی

بدھ 11 مارچ 2015 17:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر مشیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے لاہور جنرل ہسپتال میں زیر علاج معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ اور ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر سعیدصوبن بھی موجود تھے۔

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے شاکر شجاع آبادی کے علاج کے لیے تشکیل دئیے گئے سپیشل میڈیکل بورڈ کے بدھ کو ہونے والے اجلاس بارے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی اور شاکر شجاع آبادی کو لاحق مرض کے بارے بتایا۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بتایا کہ شاکر شجاع آبادی کو ڈسٹونیا (Dystonia)کا مرض لاحق ہے جو کافی پرانا ہو چکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سپیشل میڈیکل بورڈ نے مریض کا علاج ایک ماہ تک ادویات کے ذریعے ہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد مرض کی شدت میں کمی بیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق شاکر شجاع آبادی کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاکر شجاع آبادی کا پوری طرح خیال رکھا جائے اور انہیں اپنے علاج کے سلسلہ میں کسی مشکل کا سامنانہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :