برطانوی ہائی کمشنر کی چودھری نثار سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

بدھ 11 مارچ 2015 22:57

برطانوی ہائی کمشنر کی چودھری نثار سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں اور انتہاء پسندوں کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور پاکستان میں سزائے موت پر عائد پابندی اُٹھانے سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ عسکریت پسندوں اور انتہاء پسندوں کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے سزائے موت سے پابندی اُٹھانے کے بارے میں کہا کہ اگرچہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے تاہم حکومت اس سلسلے میں عالمی برادری میں اپنے دوستوں کے تحفظات کو سمجھتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور وہ ہر مدعا علیہ کے حقوق یقینی بنائے گی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت, عوام کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔