گھی کوکنگ آئل سمیت تمام درجات کے گھی کی قیمتوں میں 15 روپے فی کلو کمی کردی ہے،

گھی انڈسٹری نے قیمتوں کی کمی کے باعث کوئی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی تو اسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، رانا ثناء اللہ ،زعیم قادری اور بلال یاسین کی مشترکہ پریس کانفرنس

بدھ 11 مارچ 2015 23:36

گھی کوکنگ آئل سمیت تمام درجات کے گھی کی قیمتوں میں 15 روپے فی کلو کمی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کی سطح پر بنائی جانے والی چاررکنی پرائس کنٹرول کمیٹی کے تین ارکان سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری اور صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آج سے گھی کوکنگ آئل سمیت تمام درجات کے گھی کی قیمتوں میں 15 روپے فی کلو کمی کردی ہے اور اگرگھی انڈسٹری نے قیمتوں کی کمی کے باعث کوئی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی تو اسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس کے خلاف انڈسٹری ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کی سزا تین سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ گھی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے اور نئی قیمتیں ابھی سے نافذ العمل ہیں، انہوں نے کہا کہ عام صارف سے ناجائز منافع خوری کے رجحان کو سختی سے روکا جائے گا صارف کو چاہیے کہ وہ خود بھی اپنے اس حق بارے آگاہ رہے اور کوئی بھی صارف مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر گھی فروخت کرنے والے کی شکایت بھی کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پام آئل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ہی مقامی سطح پر گھی کی قیمتوں میں 15 روپے کی کمی کی گئی ہے تاکہ اس کا فائدہ عام صارف کو پہنچے کل سے گلی محلوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں کام کرتی نظرآئیں گی ، کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کا بھی نوٹس لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں پریکٹس رہی ہے کہ منافع خور مافیا قیمتیں بڑھانا جانتا ہے کم کرنا نہیں جانتا، آٹا، گھی ، چینی عام آدمی کی بنیادی ضرورتیں ہیں، چینی اور آٹے کی قیمت مناسب ہے گھی کی قیمت میں گزشتہ 7 ماہ سے واضح کمی ہوئی ہے، پام آئل بین الاقوامی مارکیٹ میں 805 ڈالر فی لیٹر ٹن سے کم ہو کر 630 ڈالر کی سطح پر آچکا ہے لیکن ہمارے ہاں گھی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی حالانکہ ہمارے پرائس کنٹرول ایکٹ موجود ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا رہا انہوں نے کہا کہ سیکرٹری انڈسٹری کے پاس اختیار ہے کہ وہ درست قیمت لاگو کرے، انہوں نے پنجاب گھی ملز ایسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے حکومت سے تعاون کریں ، اوورچارجنگ بند کریں۔