پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے ایک جامع پروگرام مرتب کر رہی ہے،رانا محمد اقبال،

خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کی بحالی اور ترقی کے لیے ہمیں مل کر کوششیں کرنا ہوں گی ،قائم مقام گو رنر پنجا ب

جمعرات 12 مارچ 2015 19:28

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) قائم مقام گو رنر پنجا ب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کی بحالی اور ترقی کے لیے ہمیں مل کر کوششیں کرنا ہوں گی ،ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لیبارڈ کے زیر اہتمام ریس کورس میں خصوصی بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قائمقام گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری خصوصی توجہ کے طلب گار ہیں ، ان کے عزم و ہمت کو بلند کر کے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے انہو ں نے کہا کہ خصوصی افراد بھی بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اگر ان کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ بھی عام شہریوں کی طرح قومی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکتے ہیں - انہو ں نے کہا کہ ایسے افراد کی مدد کرنا اُن پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ اُن کا حق ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہمارے معاشرے میں خصوصی بچوں کی امداد اور بحالی کا مرحلہ تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے ،قائمقام گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے ایک جامع پروگرام مرتب کر رہی ہے ‘ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں خصوصی بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت ، بچوں کو مفت کتابیں ، یونیفارم کی سہولت کے علاوہ ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے -انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خصوصی بچوں کے لیے عمر کی حد کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ ان بچوں کو داخلہ لینے کی صورت میں لیپ ٹاپ اور تعلیم مکمل کرنے کی صورت الیکٹرانک ویل چیئر بھی دی جائے گی،قائم مقام گورنر پنجاب نے خصوصی بچوں کی طرف سے پیش کیے جانے والے مختلف پروگرامز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بچوں کی بے حد حوصلہ افزائی کی ،تقریب میں لاہور سے رکن قومی اسمبلی پرویزملک ،سائستہ پرویز ملک اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :