وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی نو منتخب آسا عہدیداروں کو مبارکباد

جمعرات 12 مارچ 2015 20:00

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے انتخابات میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ نومنتخب عہدیداران یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق اور اصول پرستی کے کلچر کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مثبت ماحول کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے سرکاری نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر ٹیچرز فرنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم 429 ووٹ حاصل کر کے فاتح قرار پائے۔ جبکہ ان کے مخالف ٹیچرز فرنٹ الائنس کے امیدوار ڈاکٹر احسان شریف نے 210 ووٹ اور فیکلٹی سٹرینگتھننگ فورم کے امیدوار ڈاکٹر رانا اعجاز نے 43 ووٹ حاصل کئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کی نشست پر ٹیچرز فرنٹ کے ڈاکٹر محبوب حسین نے 372 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار و ممبر سینڈیکیٹ جاوید سمیع نے223 ووٹ اور ڈاکٹر بشریٰ رحمن نے 87 ووٹ حاصل کئے۔ نائب صدر سائنس پر ڈاکٹر فہیم آفتاب نے 363 ووٹ حاصل کئے جبکہ نائب صدر آرٹس کی نشست پر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری نے 404 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔ جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر فرحان چوہدری نے 426 ووٹ حاصل کر کے مخالف گروپ کے امیدواروں کو شکست دی۔

خزانچی کی نشست پر ڈاکٹر حافظ مقیت جاوید نے 443 ووٹ حاصل کئے جبکہ ممبر ایگزیکٹو نیو کیمپس کی 6 نشستوں پر انجینئر مدثر اعظم نے 451 ووٹ ،ڈاکٹر ایوب فریدی نے 444 ووٹ، شبیر سرور نے435 ووٹ، نعیم اللہ خان نے463 ووٹ، ڈاکٹر نعمانہ امجد460 ووٹ، سونیا عمر430 ووٹ اور ممبر ایگزیکٹو اولڈ کیمپس کی نشست پر ڈاکٹر سردار اصغر اقبال نے 469 ووٹ جبکہ مصباح سلطانہ نے 455 ووٹ حاصل کئے۔