میرا ایوان بالا تک پہنچنا اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے‘ سراج الحق،

ان مظلوموں ،مجبوروں اور محروموں کی آواز بن کر آیا ہوں جن کی آج تک کسی جگہ شنوائی نہیں ہوئی،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 مارچ 2015 21:31

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ کے رکن کا حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ایوان بالا تک پہنچنا اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے ،میں پاکستان کے ان مظلوموں ،مجبوروں اور محروموں کی آواز بن کر آیا ہوں جن کی آج تک کسی جگہ شنوائی نہیں ہوئی اور نہ آج تک وہ اپنی فریادیں حکمرانوں کے کانوں تک پہنچا سکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے ان لوگوں کا نمائندہ ہوں جن کے سر پر چھت نہیں،رکشہ ڈائیور،کسان ، غریب ہاری اور ریڑھے تانگے والے اب فخر سے عوام کو بتا سکیں گے کہ ان کی بات کرنے والا اور کسی غریب کا بیٹا بھی ملک کے ایوان بالا کا رکن منتخب ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد ہم نے حکومت اور اپوزیشن کو تجویز دی تھی کہ وہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پر اتفاق رائے سے دو نام تجویز کردیں لیکن چیئرمین کے نام کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے نام پر اتفا ق نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے ہمیں اپنا نمائندہ شبلی فراز دینا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سینیٹ میں آنے والے نئے مہمان ہیں امید ہے کہ ہمارے میزبان ہمارے ساتھ اچھا برتاؤ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اپنا وعدہ پورا کرے تو وہ تحریک انصاف کو ہاتھ سے پکڑ کر پارلیمنٹ میں لے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو بڑے پن کا ثبوت دیتے ہوئے دو قدم آگے بڑھ کر اس ایشوکے خاتمہ اور مسئلہ کے حل کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے ۔سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ میں سب ارکان نے حلف لیا ہے کہ وہ آئین پاکستان کا تحفظ کریں گے اور اس پر عمل درآمد کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :