دینی مدرسے کے طالبعلم کا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونا خوش آئند ہے، بلامقابلہ انتخاب پاکستان کے مثبت سیاسی مستقبل کیلئے نیک شگون ہے ، مولانا تنویر الحق،

دعا ہے کہ نو منتخب سینیٹ کی قیادت استحکام پاکستان اور غریب عوام کے حقوق کیلئے کوشاں رہے گی، حق پرست سینیٹر

جمعرات 12 مارچ 2015 23:10

دینی مدرسے کے طالبعلم کا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونا خوش آئند ہے، بلامقابلہ ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے اخبارات کو ایک بیان جاری کیا ہے ،جس میں انہوں نے سینیٹر میاں رضا ربانی کو چیئرمین اور سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر دلی مبارکبادپیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میاں رضا ربانی کا بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ آئندہ آنیوالے دور میں پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق کے ساتھ متحد ہیں۔

جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے دینی مدرسے سے فارغ التحصیل طالبعلم کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان کی دینی مدارس دہشت گردی سے پاک ہیں اور مدارس کا نصاب ایک مولوی کو اس معاشرے کا حصہ بنانے میں اہم کردار رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

آج ایک دینی مدرسے کے طالبعلم کے اس انتخاب نے مغربی قوتوں کے تمام پروپیگنڈوں کی نفی کردی ہے۔

اور یہ بات ثابت کردی ہے کہ علماء معاشرے کا ایک اہم اور ناقابل ِ فراموش حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کہ بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے کہ اس بلامقابلہ انتخاب کی سب سے بھاری قیمت متحدہ قومی موومنٹ نے ادا کی ہے، جس کے نتیجے میں ایک تعلیم یافتہ اورمہذب کارکن سید وقاص علی شاہ کو شہید کردیا گیا، اس وقت بھی میری آنکھوں کے سامنے معصوم وقاص علی کا چہرہ گھوم رہاہے ، انشاء اللہ اس سمیت تمام حق پرست شہیدوں کا لہو رنگ لائے گا۔

اللہ تعالیٰ وقاص شہید کے لواحقین سمیت پوری قوم بالخصوص قائد تحریک جناب الطاف حسین کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔ آخر میں مَیں یہ دعا بھی کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نومنتخب ایوانِ بالا کو استحکام ِ پاکستان اور اس میں بسنے والی غریب عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :