جب تک دم ہے ریٹائر نہیں ہوں گا، یونس خان

جمعہ 13 مارچ 2015 11:58

جب تک دم ہے ریٹائر نہیں ہوں گا، یونس خان

ایڈیلیڈاوول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ان کا ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ جب وہ سمجھیں گے کہ ان کا جسم ان کا ساتھ نہیں دے رہا تو وہ خود ہی ریٹائر ہو جائیں گے۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ سمجھ کر کرکٹ کھیلتے ہیں کہ ٹیم میں اسی کو شامل ہونا چاہیے جو اچھا کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ڈراپ ہونے پر تکلیف ہونا خود میرے لیے ہی نقصان دہ ہے، میری سوچ یہ ہے کہ پاکستان ٹیم جیتے، چاہے میں کھیلوں یا نہ کھیلوں۔یونس خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بتانے سے تو قاصر ہیں کہ بیٹسمین کیوں پرفارم نہیں کر سکے لیکن وہ دیکھ رہے ہیں کہ ٹیم محنت کر رہی ہے اور آگے جا کر پرفارم کرے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ہر میچ کو آخری سمجھ کر کھیل رہی ہے اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ اتوار کو آئرلینڈ کوشکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلیں اور پھر سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچ کر ورلڈ کپ جیتیں۔

جہاں تک انضمام جیسے بلے بازوں کا سوال ہے تو ’ٹیم میں بلکل ایسے بیٹسمین موجود ہیں جو کہ میچ والے دن اچھا کھیل کر ٹیم کو جیتا سکتے ہیں، احمد شہزاد کی شکل میں، عمر اکمل اور حارث سہیل کی شکل میں، اور دیکھیے کچھ میچوں میں تو انضمام بھی پرفارم نہیں کر پائے تھے۔