لاہور ہائیکورٹ نے بزرگ پینشنرز کیس میں چیف خزانہ افسر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا‘سماعت 20مارچ تک ملتوی

جمعہ 13 مارچ 2015 14:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) لاہور ہائی کورٹ نے بزرگ پینشنرز کو فل پینشن کی ادائیگی کیس میں عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر چیف خزانہ افسر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے توہین عدالت کی متعدد درخواستوں پر سماعت کی جس میں موقف اختیارکیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود فل پنشن ادا نہیں کی جا رہی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اصولی طور پر بزرگ پنشنرز کو فل پنشن اد اکی جانی چاہیے تھی، سرکاری افسران دفاتر میں بیٹھ کرعدالتی احکامات کو نہ ماننے والے کون ہوتے ہیں؟ ۔ حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ پینشنز کی شکایات کیلئے سیل قائم کیا جا چکا ہے، درخواست خارج کرکے پینشنرز کو شکایات سیل سے رجوع کرنے کا کہا جائے۔عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالتی احکامات پرعمل نہ کرنے پر چیف خزانہ افسر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا، جس کے بعد کیس کی سماعت بیس مارچ تک ملتوی کردی گئی۔