ویسٹ انڈیز کو بڑا دھچکا، گیل انجرڈ

جمعہ 13 مارچ 2015 15:32

ویسٹ انڈیز کو بڑا دھچکا، گیل انجرڈ
نیپیئر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13مارچ ۔2015ء )جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپننگ بلے باز کرس گیل کی زخمی ہونے کے باعث اتوار کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے جس کے بعد کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے ویسٹ انڈین امیدوں کو دھچکا لگ سکتا ہے ۔ کرس گیل کمر کی تکلیف کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث وہ اس اہم مقابلے میں باہر بیٹھنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کوارٹر فائنل کھیلنے کی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لیے ویسٹ انڈیز کو یو اے ای پر بڑی فتح درکار ہے۔ کوچ اسٹورٹ ولیمز کا کہنا ہے کہ ہم گیل کو ہر میچ میں کھیلتا ہوا دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن کمر کی دیرینہ تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط سے استعمال کرنا زیادہ ضروری ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے پانچ میچوں میں سے ویسٹ انڈیز نے اب تک صرف دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور اسے متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں بڑے مارجن سے فتح درکار ہے۔ اگر ویسٹ انڈینچ ٹیم اپ سیٹ شکست سے دوچار ہوتی ہے تو وہ ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گی۔